عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لے،الطاف وانی
اسلام آباد 19جنوری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے شہدائے گائوکدل کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کے قتل عام کے سانحات میں سب سے وحشیانہ واقعہ ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ کشمیر کی حالیہ تاریخ کا سب سے وحشیانہ قتل عام ہے۔انہوں نے کہا کہ 21 جنوری 1990کو سرینگر کے علاقے گا ئوکدل میں بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر اندھا دھندفائرنگ کرکے 50 سے زائد کشمیریوں کو شہید اورسینکڑوں کوزخمی کردیا تھا ۔انہوں نے افسوس کااظہار کیاکہ 1989کے بعد سے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن میں فوجیوں نے مرد، خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو گولیوں کانشانہ بنایا ہے ۔ الطاف وانی نے کہاکہ 33سال گزرنے کے باوجود سانحہ گائو کدل کے متاثرین کو آج تک انصاف نہیں مل سکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ کو پیش کی گئی تحقیقاتی رپورٹوں میں بھارتی فوجیوں کے براہ راست ملوث ہونے کے شواہد پیش کئے گئے تھے تاہم آج تک کسی بھی فوجی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے ۔