مقبوضہ جموں و کشمیر

مودی کی ہندوتوا پالیسیوں سے عالمی امن کوخطرہ لاحق ہے:مسرت عالم بٹ

سرینگر04 اپریل(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا نظریے کے زیر اثر جارحانہ پالیسیوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہے ۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ حریت رہنمائوں کی گرفتار ی اور دور دراز جیلوں میں منتقلی سمیت تمام وحشیانہ اقدامات جدوجہد آزادی کو کچلنے اور خطے میں اپنے نفرت انگیز ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے بی جے پی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ ہیں۔حریت چیئرمین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نریندر مودی کی زیرقیادت موجودہ بھارت کو ایڈولف ہٹلر کے نازی جرمنی کے راستے پر چلنے سے روکے اورخطے میںپائیدار امن کی بنیاد رکھنے کیلئے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی راہ ہموار کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔
نئی دلی کے زیر کنٹرول بدنام زمانہ ریاستی تحقیقاتی ادارے نے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر کے متعددعلاقوں میں چھاپے مارے۔ایس آئی اے نے غیر قانونی طور پر نظر بند دوحریت رہنمائوں بلال صدیقی اور مولوی بشیر احمد کی رہائش گاہوں سمیت سرینگر، بارہمولہ اور کپواڑہ میں آج علی الصبح چھ مقامات پر چھاپے مارے ۔
جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ نے سرینگر میں پارٹی کے صدر جمیل احمد کی زیر صدارت ایک اجلا س میں اورکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغرنے اسلام آباد میں ایک بیان میں چھاپوں اور محاصرے وتلاشی کارروائیوں کی شدیدمذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں خوف اور دہشت کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔
کانگریس نے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کی غیر جمہوری پالیسیوں کے خلاف جموں خطے کے متعددعلاقوں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button