ہریانہ ،تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 3خواتین کسان مظاہرین کو ہلاک کر دیا
بہادر گڑھ 28اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے بہادر گڑھ میں آج علی الصبح ایک تیز رفتار ٹرک نے خواتین کسان مظاہرین کو روند ڈالا جس سے تین بزرگ خواتین ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ حادثہ صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب جھجر روڈ پر پیش آیا۔کسان مظاہرے میں شامل خواتین سڑک کے درمیان ڈیوائیڈر پر بیٹھی ہوئی تھیں،جب ایک تیز رفتار ٹرک نے انہیں روند ڈال ۔ ان میں سے دو خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ تیسری خاتون نے اسپتال میں دم توڑا۔ مزید تین خواتین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ ٹرک کی ٹکر سے ہلاک ہونیوالی تینوں خواتین کا تعلق پنجاب کے ضلع مانسا سے ہے اوروہ مودی حکومت کی طرف سے نافذ کردہ نام نہاد زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی تحریک میں شامل تھیں۔تینوں خواتین واپس گھر جانے کیلئے گاڑی کا انتظار کرر ہی تھیں جب ٹرک کی ٹکر سے وہ ہلاک ہو گئیں۔ اس سے قبل لکھیم پور کھیری میں بھارتی وزیر اجے مشرا کے بیٹے نے اپنی جیپ تلے متعدد کسانوں کو کچل دیاتھا جس سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔
واضح رہے کہ مودی حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے نام نہاد تین زرعی قوانین کے خلاف دلی بارڈر پر کسانوں کی تحریک مسلسل جاری ہے۔ کسانوں کی تحریک میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل ہیں۔