مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں بیگناہ شہریوں اور غیر مقافی افرادکے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اظہار تشویش

سرینگر20اکتوبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور نیشنل فرنٹ نے مقبوضہ علاقے میں بیگناہ شہریو ں اور غیر مقامی لوگوں کے مسلسل قتل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی ایک گہری سازش قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈ م پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری قتل عام خفیہ بھارتی ایجنسیوں کا کام ہے جو کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی حالیہ تاریخ اس طرح کے خونی واقعات سے بھر ی پڑی ہے جن میں بھارتی فورسز اور ایجنسیوں کو بیگناہ کشمیریوں کے بہیمانہ قتل میں براہ راست ملوث پایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ وادی کشمیر میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے وہ درحقیقت چھٹی سنگھ پورہ، پتھری بل ، براکپورہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والے قتل عام کے خوفناک واقعات کا تسلسل ہے ۔انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ تحریک آزادی کو سبو تاژ کرنے کیلئے بھارتی حکومت کی سازشوں اور مذموم منصوبوں سے ہوشیار رہیں۔
جموںوکشمیر پولیٹیکل ریزس ٹنس موومنٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصعب نے بارہمولہ میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کئی دہائیوں سے ایک پر امن جدوجہد کررہے ہیں جسے وہ مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے 1947میں جموںوکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما لیا جبکہ 5اگست2019کو علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرکے عالمی قوانین کو روند ڈالا۔ انہوںنے جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ دریںاثنا جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے نائب چیئرمین الطاف حسین وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ غیر مقامی مزدوروں سمیت بارہ شہریوں کا بے رحمانہ قتل مقبوضہ جموںوکشمیر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوںنے ان واقعات کو مقبوضہ علاقے میں پائی جانے والی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی سازش قراردیا۔انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں بیگناہ لوگوںکے قتل کا ایک بدترین ریکارڈ رکھتی ہیں۔ انہوںنے بھارت میں بڑے پیمانے پر بنیاد پرستی ، عدم پرداشت اور انتہا پسندی کو خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا۔ جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے وائس چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کے قتل ، گرفتاری اور انہیں بے انتہا مشکلات سے دوچار کرنے پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی مذمت کی۔ انہوںنے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی سے روکیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button