بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں وکشمیر کی نیلامی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، ڈوگرہ لیڈر سنیل ڈمپل
جموں 12 اپریل(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں ریجن سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاسی رہنما سنیل ڈمپل نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں وکشمیر کی نیلامی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔
سنیل ڈمپل نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرینگر اور جموں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی طرف سے سرینگر اور جموں شہروں میں نئے تعمیر شدہ فلیٹس کی فروخت کے حوالے سے الگ الگ جاری کردہ نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یہ فلیٹس بھارت کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والا کو بھی شہری خرید سکتا ہے جوکہ ریاست جموں و کشمیر کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور انہیں انکی زمینوں سے جبری بے دخل کیاجا رہا ہے جبکہ غیر کشمیری ہندوئوںکا مقبوضہ علاقے میں خیرمقدم کیا جاتا ہے ۔سنیل ڈمپل نے کہا انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جائیدادیں خریدنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ بی جے پی نے مہاراجہ ہری سنگھ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے اور کشمیر کے عوام اور ڈوگروں کے حقوق اورانکی منفرد شناخت چھین لی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے وہ لیڈر جو خود کو جموں کے عوام کا مسیحا قراردیتے تھے اب خاموش ہیں اور وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے جاری جموں مخالف پالیسیوں کے بارے میں بات کرنے کی ہمت نہیں کرتے۔ سنیل ڈمپل نے کہاکہ پہلے بی جے پی نے بھارتی شہریوں کا مقبوضہ علاقے میں ووٹرلسٹوں میں اندراج کرنے کی کوشش کی اور اب جموں و کشمیر کی ہر چیز کی نیلامی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کیلئے اچھا ہے اور کیا برا یہ فیصلہ کرنے کا حق صرف منتخب نمائندوں کو ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم اپنے علاقے میں بھارتی شہریوں کو آباد ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔