کل جماعتی حریت کانفرنس کی کشمیری نظربندوں کی رہائی کے لیے عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل
سرینگر21اگست(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں غیرقانونی طورپر نظربند حریت قیادت سمیت تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت غیر قانونی نظربندیوں، گرفتاریوں اور ہراسانیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ان نظربندوں میں سے بیشتر نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ جیلوں میں گزارا ہے جن میں ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر، جاوید احمد خان، فیروز احمد ڈار، عبدالحمید تیلی، طارق احمدمتو ، محمود ٹوپی والا، بشیر احمد پنوں، فیاض احمد، شرف الدین گجر، محمد اشرف پیر، خالد محبوب پہلوان، مقصود احمد بٹ، پرویز احمد میر، محمد عباس وانی، فاروق احمد شیخ، عبدالوحید، عبدالرشید میر اور فہد اللہ شامل ہیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، شاہد الاسلام، معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ ، فاروق احمد ڈار، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ڈاکٹر حمید فیاض، مولانا عبدالمجید ڈار، مولانا مشتاق ویری، عبدالرشید دائودی، مولانا عبدالواحد کشتواڑی، مشتاق الاسلام، مولوی بشیر احمد عرفانی، بلال صدیقی، حمزہ صدیقی ،محمد یوسف میر، محمد رفیق گنائی، محمد یوسف فلاحی، شوکت حکیم، محمد حیات بٹ، معراج الدین نندا، انجینئر رشید، آصف سلطان، فہد شاہ اور انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز سمیت غیرقانونی طورپر نظربند ہزاروں حریت رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کو بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں بدترین جسمانی اورذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نظربندی اور جسمانی اور ذہنی اذیت کے باوجود تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کشمیر کاز کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حریت رہنمائوں اور کارکنوں پر فخر ہے جو یا تو جیلوں میں بند ہیں یا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت تنازعہ کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل کے حصول کے لیے جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس،بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی، ایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تمام مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی رہائی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔