بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت
نوٹنگھم، برطانیہ، 25 اگست (کے ایم ایس)بین الاقوامی تھنک ٹینک ”انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی این ایس پی اے ڈی )کے سربراہ سردار محمد طاہر تبسم نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کیطرف سے جاری مظالم کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار محمد طاہر تبسم نے برطانیہ کے شہر ناٹنگھم میں میٹرو پولیٹن کونسل والسال کے لیڈر آف لیبر گروپ کونسلر آفتاب نواز اور لیبر گروپ کے ڈپٹی لیڈر کونسلر خضر حسین قادری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مستقبل خطرے میں ہے کیونکہ خالصتان، منی پور اور دیگر ریاستوں میں علیحدگی پسند تحریکیں زور پکڑ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کشمیریوں کو جلد آزادی نہ دی گئی تو مجھے بھارت کی مشکلات میں بہت زیادہ اضافہ نظر آرہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پورے جنوبی ایشیاءکا مستقبل تنازعہ کشمیر کی وجہ سے ہی داﺅ پر لگا ہوا ہے۔سردار محمد طاہر تبسم نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطے کے تحفظ، سلامتی اور امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، چین اور روس کو بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔