بین الاقوامی میڈیا تنظیموں کی طرف سے کشمیری صحافی فہد شاہ کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر16 فروری (کے ایم ایس)
متعدد بین الاقوامی میڈیا تنظیموں نے غیر قانونی طور پر نظر بند معروف کشمیری صحافی فہد شاہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، جنہیں غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایاگیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیںپولیس نے فہد شاہ کو گزشتہ سال 4فروری کو پوچھ گچھ کے لیے پلوامہ کے ایک پولیس اسٹیشن طلب کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ انہیںجعلی مقابلوں کے بارے میں متاثرہ خاندانوں کا موقف شائع کرنے کے بعد گرفتار کیاگیا تھا جو قابض انتظامیہ کے موقف کے متضاد تھا۔فہد شاہ اس وقت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں قیدہیں۔میڈیا تنظیموں نے فہد شاہ کی نظربندی پر سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آن لائن نیوز پورٹل کشمیر والا کے ایڈیٹر اور بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی فہد شاہ کی نظربندی کو 4فروری کوایک سال کا عرصہ مکمل ہو گیا ہے ۔نیوز پورٹل کشمیر والاکشمیریوںکو درپیش روزمرہ کی مشکلات کے علاوہ غیر منصفانہ قوانین کے خلاف بارے میں آواز اٹھاتا ہے ۔کشمیر والا کے ایڈیٹر کی حیثیت سے فہد شاہ نے اپنے کام کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ اگرچہ انہیں متعد د بار ضمانت دی گئی تاہم انہیں رہائی کے فورا بعد دوبارہ گرفتار کیاجاتا رہا۔بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ فہد شاہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت جموں کی جیل میں مسلسل قید ہیں۔بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ فہد شاہ کی رہائی مقبوضہ کشمیر میں آزادی صحافت کے لیے انتہائی اہم ہے۔یہ بیان کرسچن سائنس مانیٹر کے ایڈیٹر مارک سیپن فیلڈ، فارن پالیسی کے چیف ایڈیٹر روی اگروال، نیوز اینڈ ڈاکومینٹری آف انسائیڈر کی ایگزیکٹو پروڈیوسر ایریکا بیرنسٹین، جنوبی چین کے مارننگ پوسٹ کے ایڈیٹر لانگریڈزڈیو بیسلنگ ، دی نیشن کے ایڈیٹر ڈی ڈی گٹن پلان ، فارن افیئرز کے ایڈیٹر ڈینیل کرٹز، پر پلٹزر سینٹر کے کرائسز رپورٹنگ کے سینئر ایڈیٹر بویونگ لم اور دی گارڈین کے چیف ایڈیٹر کیتھرین وینرنے مشترکہ طور پر جاری کیا ہے۔