انسانی حقوق

کل جماعتی حریت کانفرنس کی مقبوضہ کشمیرمیں میڈیا گروپوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت

سرینگر:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکام کی طرف سے صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو مسلسل نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، کیونکہ قابض انتظامیہ آزاد نیوز پورٹل دی کشمیر والا کی ویب سائٹ کو بلاک کردیا ہے جبکہ نیوز پورٹل کا دفتر حال ہی میں بند کر دیا گیاتھا۔
حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر میں آزادی صحافت کاگلا گھونٹ دیا گیا ہے ۔ مقامی اخبارات اور نیو ز گروپوں کو کو زبردستی حکومت کا مائوتھ پیس بننے کیلئے مجبور کیاجارہا ہے اور ڈرایا دھمکایاجارہا ہے۔بیان میں افسوس ظاہر کیاگیا کہ حریت رہنمائوں اور تنظیموں کے بیانات کو بھی مقامی اخبارات میں شائع نہیں کیاجارہا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ مقامی نیوز ویب سائٹس کے آرکائیوز غائب کردیاگیا ہے ۔ ان ویب سائٹس پر موجود آر ٹیکلز اور خبروں کو حذف کردیا گیا ہے اور جو کہ ناقابل یقین ہے۔بیان میں مزید کہاگیا کہ بھارتی میڈیا اور صحافتی گروپ مقبوضہ علاقے میں صحافیوں اور نیوز گروپوں پر عائد اس قدغن پر مکمل طورپر خاموش ہیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اوربیرون ملک آزادی صحافت کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں آزادی صحافت اور اسکے تقدس کو بحال کرنے میں مدد کرنے کیلئے اس سلسلے میں اپنی آواز بلند کریں ۔بیان میں غیر قانونی طورپر زیر حراست صحافیوںکی رہائی اور صحافیوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کا سلسلہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیاگیا ہے

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button