نیویارک: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کیطرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کیلئے مظاہرے کا انعقاد
نیویارک 23 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری مظالم کیطرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فرینڈز آف کشمیر کے زیراہتمام ہونے والے مظاہرے کے شرکانے بھارت کے ناجائز قبضے سے کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیر میں نسل کشی بند کرو،کشمیر میں خواتین کی عصمت دری بند کرو“ کے نعرے درج تھے۔
مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی بے حسی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔
مقررین نے مزید کہا کہ بھارت میں بھی مسلمان اور دیگر اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔ مودی حکومت نے کینیڈا میں بھی سکھ رہنماو¿ں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اورہردیپ سنگھ ننجر کے قتل نے دنیا کے سامنے بھارتی حکومت کی جانب سے ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے ہردیپ سنگھ کے بہیمانہ قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کو بے نقاب کرنے پر کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی تعریف کی۔
مقررین میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب، محمد تاج، راجہ مختار، ارشد میاں، خواجہ طاہر، حائقہ خان، خوشی محمد اور محمد یاسین چوہان شامل تھے۔