27اکتوبر جمو ں وکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے
سرینگر25اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے 27اکتوبر کوجموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے اس دن کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف جموں وکشمیر پر قبضہ کر لیا تھا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ، جموں و کشمیر پیپلز پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین انجینئر ہلال احمد وار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ 27اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف ان کے مادر وطن پر قبضہ کر لیاتھا۔ انہوں نے 27 اکتوبر 1947کوبھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما داغ اور اقوام متحدہ کی ساکھ پر ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے انسانیت اور جمہوریت کے تمام اصولوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج اور فضائیہ کے اہلکاروں کو نام نہاد الحاق کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑنے کیلئے تعینات کر رکھا ہے ۔ جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ، محاز آزادی کے چیئرمین محمد اقبال میراور تحریک استقلال کے غلام نبی وسیم نے سرینگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کشمیریوں پر زور دیاہے کہ وہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ مناکر عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیں کہ وہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں ۔ انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک کشمیری محنت کش اور غیر قانونی طورپر نظربند شہری کے ماورائے عدالت قتل کی بھی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ سے کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔