APHC-AJK

اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرے

WhatsApp Image 2023-10-10 at 12.13.51 PM

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کے ذریعے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں جیسا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں کو انکے اس بنیادی حق کی ضمانت فراہم کی گئی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ اپیل جموں سے تعلق رکھنے والے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے ایک وفد نے آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر سے ملاقات کے دوران کی۔وفد میں ملک محمد اسلم، خالد شبیر، قاضی محمد عمران، زاہد فضل، عبدالغنی لون، محمد اویس بلال اور امتیاز احمد بٹ شامل تھے۔ ملاقات میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین بھی موجود تھے۔وفد نے کہا کہ 5جنوری 1949کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان اور بھارت نے ایک انتہائی اہم قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی منعقدہ رائے شماری کے تحت اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرنے کا موقع فراہم کرکے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کا  مطالبہ کیا گیا تھا۔وفد نے کہا کہ اس کے بعد سے اب تک بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیر کا تنازعہ مسلسل حل طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کے دوران بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔وفد نے محمود ساغر جموں خطے کی انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال خصوصا بھارتی فورسز کے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں ، بھارتی تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی کے اہلکاروں اور دیہات دفاع گارڈز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے بارے  میں آگاہ کیا۔حریت وفد نے مودی حکومت کی طرف سے حریت تنظیم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی عائدکرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مذموم ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور غاصب اسرائیل  کی عالمی طاقتوں کی حمایت پر افسوس کا اظہار کیا۔

ادھر پیپلز پولیٹیکل پارٹی نے بھی سرینگر میں ایک بیان میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارتی حکومت کا یہ غیر انسانی اور غیر جمہوری اقدام بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںو کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کنوینر محمود احمد ساغر کے زیر صدارت ایک دعائیہ مجلس منعقد کی گئی جس میں حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی پہلی برسی پرانہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ حریت رہنما الطاف شاہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی نظربندی کے دوران علاج معالجے کی سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے گزشتہ سال انتقال کر گئے تھے ۔اس موقع پر حریت رہنما الطاف شاہ کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیااوران کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button