پاکستان

نگراں وزیراعظم سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے یوسف الدوبے سے ملاقات

PM Kakardپاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پرعزم ہے، انوار کاکڑ

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کاتنازعہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی بنیای وجہ ہے،پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے پرعزم ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ان خیالات کا اظہار اسلام آبادمیں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے سے ملاقات میںکیا۔انہوں نے او آئی سی کے وفد کے دورہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کشمیر کاز کی حمایت میں او آئی سی کی مسلسل کوششوں کو خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے تناظر میں سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کو او آئی سی سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی جڑ ہے، اس کے حل سے ہی خطے میں امن قائم رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے پرعزم ہے۔اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی زبردست قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کشمیریوں نے حمایت کیلئے ہمیشہ او آئی سی اور امت مسلمہ کی طرف دیکھا ہے۔انہوں نے دنیا بھر میں خاص طور پر ہندوتوا کی شکل میں اسلامو فوبیا کے عروج پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی امن اور سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے،ان قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ یوسف ایم الدوبے نے وزیراعظم کو جموں و کشمیر کے تنازع پر او آئی سی کے اصولی موقف کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کشمیر کاز کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور او آئی سی کے خصوصی نمائندہ کی حیثیت سے جموں و کشمیر کیلئے ان کا پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ اسی عزم کا اظہار ہے۔
ادھراو آئی سی کے خصوصی نمائندہ یوسف الدوبے نے ایک اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک سے ملاقات کی ۔ مشعل ملک نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بالخصوص پوری کشمیری سیاسی قیادت بشمول محمد یاسین ملک کی غیر قانونی نظربندی کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ او آئی سی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی بالخصوص 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر واضح حمایت پر یوسف الدوبے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار اداکرے۔ یوسف الدوبے نے تنازعہ کشمیر کے بارے میںاو آئی سی کے اصولی موقف کااعادہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button