تمل ناڈو: دلت نوجوانوں کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا
چنئی:بھارتی ریاست تمل ناڈو میں ہندو انتہا پسندغنڈوں نے دو دلت نوجوانوں کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان پر پیشاب کر دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دلت نوجوانوں 21سالہ منوج کمار اور19سالہ مرپین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ تھمیر ابرانی ندی میں نہانے کے بعد گھر واپس آرہے تھے کہ غنڈوں نے انہیں روکا اور انکے گھر اور ذات کے بارے میں پوچھا ۔انہوںنے کہا کہ جب ملزمان کو پتہ چلا کہ ہم دلت کالونی کے رہائشی ہیں تو انہوںنے ہمیں برہنہ کیا اور مار پیٹ کے علاوہ ہم پر پیشاب کیا۔متاثرہ دلت نوجوانوں نے کہا کہ غنڈوں نے انہیں رات گئے تک یرغمال بنائے رکھا اور لاٹھیوں اور سلاخوں سے مارتے ہیں۔غنڈوں نے موقع سے فرار ہونے سے پہلے دلت لڑکوں سے 5ہزار روپے اور دو موبائل فون بھی چھین لیے۔
پولیس نے بعد ازاں واقعے میں ملوث چھ ملزمان پونو نومنی، نلا موتھو،آیا رام ، رمار، شیوا اورلک شمنن کو گرفتار کر لیا۔اچھوت اور ذات پات کے خلاف کام کرنے والے ایک مقامی فورم نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نمل ناڈو حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کریں۔