حریت رہنمائوں اورتنظیموں کاشہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے نومبر 1947کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندو جنونیوں نے نومبر1947 کے پہلے ہفتے میں جموں خطے کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کو اس وقت شہید کیا جب وہ پاکستان ہجرت کر رہے تھے۔کشمیری شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سال 06نومبر کو یوم شہدائے جموں مناتے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما اورجموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 6نومبر 1947کو جموں کا قتل عام دوسری جنگ عظیم کے بعد نسل کشی کا پہلا واقعہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا وحشیانہ قتل عام جموں و کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی طرف پہلا قدم تھا اور مودی کی فسطائی حکومت کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے اس مذموم منصوبے پر آج بھی عمل پیرا ہے۔پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفرآباد میں جاری ایک بیان میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سفاک اور قاتل حکمرانوں نے 1947میں جموں وکشمیر پر اپنی جبری حکمرانی کو مضبوط کرنے کے لیے یہ خونی کھیل شروع کیا جو 76 سال گزر جانے کے بعد بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگ بھارت کے ان گھنائونے عزائم اور سازشوں کے خلاف آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے مادر وطن اور اسلامی تشخص کے دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں میں پوسٹر بھی چسپاں کئے گئے ہیں۔پوسٹروں میں بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں قاضی عمران اور منظور احمد ڈار نے اسلام آباد میں اپنے الگ الگ بیانات میں شہد اء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 6نومبر 1947کو کشمیری مسلمانوں کا قتل عام عالمی ضمیر کے لیے بدنما دھبہ ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ قتل عام عالمی طاقتوں سے انصاف کا تقاضا کرتاہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کی بے حسی سے بھارت کو کشمیریوں کا قتل عام کرنے کی کھلی چھوٹ ملی ہے۔