بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کررکھے ہیں، صمد انقلابی
سرینگر 26 اگست (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کرکے کشمیریوںکے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ کشمیری ہرگز اسکی فوجی جارحیت کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو افغانستان سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے جہاں سے قابض طاقتیں بھاگنے پر مجبور ہو گئی ہیں ۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارت نے اگر آزادی پسند تنظیموں پر پابندی عائد کی تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود اردیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جنگی جرائم پر بھارت کے خلاف سخت کارروائیں کریں اور مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار اد ا کریں