اسلام آباد : تین کشمیریوں کے دوران حراست قتل کے خلاف مظاہرہ
اسلام آباد:
جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے ضلع پونچھ علاقے سرنکوٹ میں بھارتی فوج کی زیر حراست تین کشمیری شہریوں کے قتل کی مذمت کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران نے کی۔ قاضی عمران کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکر ٹری شیخ عبدالمتین اور دیگر حریت رہنمائوں عبدلحمید لون اشفاق مجید میر، سید گلشن اقبال ،شاہین قریشی ،عبدالغنی لون ،امتیاز بٹ ،زاہد فضل ،سجاد بٹ، عطا اللہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت نام نہاد جعلی مقابلوں میں پونچھ اور راجوری کے مسلمانوں کا قتل عام کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میںبھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کر دار ادا کریں۔