مقبوضہ جموں و کشمیر : انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے
جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ادھم پور اور کپواڑہ اضلاع میںانتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لوگوں نے چنانی ناشری ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس میں 100 فیصد اضافے کے خلاف ادھم پور قصبے کے سلتھیا چوک پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے پر بی جے پی حکومت اور این ایچ اے آئی کا پتلا بھی جلایا۔
ضلع کپواڑہ کے علاقے ماگام کے رہائشیوں نے پینے کے صاف پانی کی باقاعدگی سے فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکامی پر محکمہ آبی وسائل کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ گزشتہ سترہ دنوں سے پانی کی شدید قلت کا شکار ہے تاہم بار بار کی درخواستوں کے باوجود حکام پانی کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں۔