مقبوضہ جموں وکشمیر: سرینگر اور دیگر علاقوں میں سیکورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے
سرینگر 03 نومبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوجی حکام نے سری نگر اور دیگرعلاقوں میں نام نہاد سیکورٹی اقدامات مزید سخت کردیے ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے برزلہ ، جواہر نگر ، بائی پاس اور دیگر علاقوں میں مزید کنکریٹ بنکرتعمیر کیے گئے ہیں جن میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سری نگر میں کئی مقامات پر بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس پولیس دستوں کے کئی موبائل بنکر بھی موجود ہیں۔ یہ موبائل بنکر ٹی آر سی کراسنگ، لال چوک، جہانگیر چوک، ایم اے روڈ، بمنہ، پارم پورہ، بائی پاس اور دیگر علاقوںمیں کھڑے کیے گئے ہیں۔ بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی مشترکہ ٹیمیں علاقے گاڑیوں ، مسافسروں اور راہگیروں کی مسلسل تلاشی لے رہی ہیں جسکی وجہ سے لوگ مزید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے ہیں۔
یا درہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی آواز اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کے لیے پیرا ملٹری فورسز کی 50 اضافی کمپنیاں بھی تعینات کر دی ہیں جن میں سے 30 صرف سری نگر میں تعینات کی گئی ہیں۔