آزاد کشمیر

کشمیر کے مقدمے کو بین الاقوامی سطح پر منظم انداز میں لڑا جائے گا: وزیر اعظم آزادکشمیر

2001274313e2d56اسلام آباد: آزادجموں وکشمیرکے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہاہے کہ ان کی حکومت کل جماعتی حریت کانفرنس، سیاسی جماعتوں اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے ساتھ مل کر بین الا قوامی سطح پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا مقدمہ لڑے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے ایک وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہاکہ اس مہم کو بین الاقوامی سطح پر منظم انداز میں چلانے کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیاجائے گا تاکہ پوری کشمیری قوم کی نمائندگی ہو۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے ہم نے وزیر اعظم پاکستان، وزارت خارجہ اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ہے اور ہم اس بات کی توقع کرتے ہیں کہ ریاست جموں کشمیر کے تمام لوگ اس متحدہ اور مشترکہ پلیٹ فارم سے ریاست جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے جس طریقے سے دو تہائی ریاست پر جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کررکھاہے اس کو چھڑانے اور آزاد کروانے کے لئے ہر شخص ،تنظیم اور سیاسی جماعت کو اجتماعی قیادت کے زیر اہتمام کام کرنا ہو گا جس کے لئے آزاد کشمیر حکومت نہ صرف اہم کرداراداکرے گی بلکہ کشمیری قوم کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ دنیا بھر میں جا کر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کا نکتہ نظر پیش کرے اوراس کے لئے ہمیں حکومت پاکستان کی بھی بھرپور معاونت حاصل ہو گی۔وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے کام کرنے والے تمام لوگوں کے کردار کو سراہا۔ وفد میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ، یاسمین ڈار، ماجد خان، سردار محمد صدیق خان، کنول حیات کشمیری اوردیگر رہنما شامل تھے۔ وفد نے وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر کو بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی تحریکی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور پاکستان و آزادجموں وکشمیر میں فلاح و بہبوداور دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔وفد نے وزیر اعظم آزادجموں کشمیر کو اپنی طر ف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button