کشمیریوں کی جدوجہد کا بنیادی مقصد پاکستان میں شمولیت ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد 09 ستمبر (کے ایم ایس)
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کا بنیادی مقصد پاکستان میں شامل ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کو بدنام کرنے کی کوششوں میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر پر بھارت کا وحشیانہ قبضہ نہ صرف بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بلکہ بنیادی حقوق اور آزادیوں کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کی بھی پامالی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ظلم وستم کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے لہذا عالمی برادری کو اس پر مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت سات دہائیوں سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن وہ بہادر کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام رہا ہے اور وہ عزم وہمت سے قابض بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے جبر کا مقابلہ کررہے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ پاک فو ج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان نے کنٹرول لائن کے دونوں طرف کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔