بھارتی فوج نے سرینگر میں شادی ہالوں پر قبضہ کر لیا
سرینگر04 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کی 50اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کے بعد فوجی اہلکاروں نے سرینگر میں شادی ہالوںپرقبضہ کر لیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے سرینگر کے علاقوں شتراشاہی اور الہی باغ میںکئی شادی ہالوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ بربرشاہ، نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں گشت بڑھا دیا ہے ۔ مقبوضہ علاقے میں حالیہ دنوں میں شہریوں کے قتل کے متعدد واقعات کے بعد بھارتی حکومت نے سی آر پی ایف کی 50اضافی کمپنیاں تعینات کی ہیں۔مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سی آر پی ایف اہلکارپیر کے روز شادی ہال میں گئے اور اگلے دن منگل کو وہ ٹرکوں پر سوار ہو کر آئے اور شادی ہال پر قبضہ کر لیا۔ ایک50مقامی شخص نے بتایا کہ شترشاہی ایک بہت گنجان آباد علاقہ ہے اور وہاں سی آر پی ایف اہلکاروں کی موجودگی سے انہیں شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ ان کی بیٹیاں اور دیگر خواتین گھروں سے کیسے باہر نکلیں گی ۔ شترشاہی ہائوسنگ کالونی کی رابطہ کمیٹی کے صدر شبیر راجہ نے بھی میڈیاسے گفتگو میں شادی ہال پر بھارتی فورسز کے قبضے پر تشویش ظاہر کی ۔