مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے مذموم منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی
سرینگر16جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر حل ہونے تک خطے میں پائیدار امن اورو ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی ہندو توا حکومت کشمیریوں کو حق پر مبنی جدوجہد آزادی سے دور رکھنے کیلئے علاقے میں بڑے پیمانے پر جبر و استبداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ مقدس تحریک آزاد ی کو بدنام کرنے کیلئے بھارتی ایجنسیاں ایک بارپھر متحرک ہو گئی ہیں جسکا ثبوت راجوری کے گائوں ڈھانگری میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں چھ ہندوئوں کا حالیہ قتل ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ضلع اسلام آباد کے علاقے چھٹی سنگھ پورہ اورگاندر بل کے علاقے وندہامہ میں سکھوں اورپنڈتوں کا قتل عام کیا گیا اور ان دونوں واقعات کی تحقیقات سے یہ ثابت ہوا تھا کہ ان کے پیچھے بھارتی ایجنسیوں کا ہاتھ تھا تاکہ تحریک آزادی پر دہشت گردی کالیبل لگاکر بدنام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی اپنے مذموم منصوبوں میں ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی اسکی تمام سازشیں اور چالیں ناکام ہونگی اور کشمیری حق پر مبنی اپنی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہونگے۔خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے جموں خطے کے متعدد علاقوں میں انسداد تجاوزات مہم کے نام پر مسلمانوں کے مکانات کی مسمار ی کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں بھارتی ہندوئوں کو بسانے کیلئے کشمیری مسلمانوں کو اپنی اراضی، مکانات اور دیگراملاک سے محروم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کر کے مقبوضہ علاقے میں فسطائی بھارتی حکومت کے ان نوآبادیاتی اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔