مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ضلع کولگام میں ایک احتجاجی ریلی نکالی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کے شرکاءنے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں بلاجواز اضافے کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہاکہ خطے کوبجلی کی قلت کا سامنا ہے جس سے روزمرہ کی زندگی اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صورتحال کو مزید ابتر کردیا ہے جس سے شہری مایوسی کا شکارہیں۔سی پی آئی-ایم کے کارکنوں نے معاشی طور پر کمزور افراد کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیاجو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بجلی کے بھاری بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بل کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کرنے سے عوام کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔مظاہرین نے قابض حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ عوام کو درپیش مشکلات کو دور کرنے اور بجلی کے بحران سے پیداہونے والے مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔