مقبوضہ جموں وکشمیر میں سی پی آئی ایم کا لوک سبھا انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے نہ کرنے کا اعلان
سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) نے بی جے پی کی شکست کو یقینی بنانے اورحزب اختلاف کے ووٹ بنک کو مضبوط کرنے کے لئے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی پی آئی ایم کے رہنما ایم وائی تاریگامی نے کہا کہ بی جے پی آمریت مسلط کر رہی ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کر رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو ہرانے اور اس کی ظالم حکمرانی کو ختم کرنے کے پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ یوسف تاریگامی نے دیگر سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ووٹ کی تقسیم کو روکنے کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے بی جے پی کو شکست دینے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ سی پی آئی-ایم کا فیصلہ جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (PAGD)کی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ پی اے جی ڈی نے دفعہ370کو منسوخ کرنے سمیت بی جے پی کی پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات 11اپریل سے 19مئی 2024تک ہونے والے ہیں۔