مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر: بھارتی پولیس نے 19نوجوان گرفتار کر لیے
سرینگر29 مئی (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی پولیس نے سری نگر کے علاقے مائسمہ میں محمد یاسین ملک کے گھر کے باہر بھارت مخالف نعرے بازی اور پتھراو کے الزام میں 19 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے ) کی ایک عدالت کی طرف سے معروف حریت رہنما اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو رواں ماہ کی 25تاریخ کو جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا کے خلاف کشمیری نوجوانوں نے مائسمہ میں انکے گھر کے باہر زبردست مظاہرے کیے تھے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مزید نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔