کشمیریوں نے19جولائی1947 ء کو اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرلیاتھا
سرینگر19جولائی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے 19 جولائی کوکشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ 1947 میںبرصغیر کی تقسیم سے قبل ہی کشمیریوںنے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرلیاتھا۔
19جولائی 1947ء کوکشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے سرینگر کے علاقے آبی گزر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے ایک اجلاس میں کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کی تھی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں بشمول پروفیسر عبدالغنی بٹ ، عبدالاحد پرہ ، زمرودہ حبیب ، یاسمین راجہ ، خادم حسین ،مولانا سبط شبیر قمی ، ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ اور اتحاد اسلامی جموں وکشمیر نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ 19 جولائی 1947 ایک تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس دن کشمیری عوام نے قرار داد الحاق پاکستان منظور کرکے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زوردیا کہ وہ بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پرجاری جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کریں۔ حریت رہنمائوںنے کہاکہ کشمیری عوام ہر سال 19جولائی کو یوم الحا ق پاکستان منا کر پاکستان سے اپنی محبت اور اپنی نظریاتی اور فکری وابستگی کا اظہار کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس تاریخی دن کو کشمیری قیادت نے متفقہ طورپر اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیاتھا۔