مودی حکومت کشمیریوں کو مسلسل بے اختیار کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ، محبوبہ مفتی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مودی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے اگست 2019میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے کشمیریوں کو بے اختیار کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت اپنی مذموم کوششیں اب بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگست2019میں مودی حکومت کے دعوے کے مطابق کشمیریوں کی محکومی ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ انہیں ان کے بنیادی حقوق اور منفر د شناخت سے محروم اور بے اختیار کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے مسلسل مودی حکومت کشمیریوں کو ان کے حقوق ،جائیدادوںاورنوکریوں سے محروم ، اور بے اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں مودی حکومت کا رویہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے ۔