جموں:بھارتی پولیس نے پی ڈی پی کے مارچ کو ناکام بنا دیا
جموں 30 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے کے وسائل کو کارپوریٹ اداروں کو فروخت کے خلاف پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے کارکنوں کے احتجاج اور راج بھون (گورنر ہاوس) کی طرف مارچ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے کارکنوں نے گاندھی نگر کے علاقے میں جمع ہوکر راج بھون کی طرف مارچ کی کوشش کی تاکہ انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ علاقے کے باہر سے رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کو زمین کا ایک بڑا حصہ الاٹ کرنے کے حالیہ اقدام کے خلاف احتجاج کیا جاسکے۔ تاہم بھارتی پولیس کی بھاری نفری نے انہیں گورنر ہاﺅس کی طرف مارچ کرنے سے روک دیا۔حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مقبوضہ علاقے کی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ڈی پی کے کارکنوں نے کہا کہ بھارتی حکومت سرمایہ کاری لانے کی آڑ میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے وسائل کارپوریٹ اداروں کو فروخت کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف بی جے پی حکومت نے لداخ خطے کے لوگوں کی ثقافت، شناخت اور ملازمتوں کو محفوظ بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ دوسری طرف وادی کشمیر اور جموں خطے کو غیر مقامی لوگوں کے لیے کھولا جا رہا ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس وقت مقبوضہ علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔