اڈانی-امبانی کی بدعنوانی سے متعلق نریندر مودی کے انکشاف سے انکی بے بسی ظاہر ہوتی ہے : کانگریس
نئی دلی:
بھارت میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس نے کہاہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پسندیدہ ارب پتی تاجروں گوتم اڈانی اورمکیش امبانی کی بدعنوانی سے متعلق انکشاف لوک سبھا الیکشن کے تیسرے مرحلے کے بعد کیا ہے ، جس سے انکی بے بسی ظاہر ہوتی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کی ترجمان سپریہ سرینیت نے نئی دلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم مودی کی طرف سے ارب پتی تاجروں گوتم اڈانی اورمکیش امبانی کی بدعنوانی سے متعلق انکشاف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے انتخابات میں اپنی یقینی شکست دیکھ کر گزشتہ10سال میں پہلی بار گوتم اڈانی اورمکیش امبانی کا نام لیا ہے۔ انہوںنے نریندرمودی کے انکشاف کو انکی بے بسی قراردیتے ہوئے کہاکہ ان کے پاس اڈانی اور امبانی کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے سوا اور کوئی چار ہ نہیں بچا ہے ۔کانگریس ترجمان نے کہاکہ بھارت کا وزیر اعظم اس سے پہلے کبھی اتنا کمزور، بے بس اورلاچار نہیں تھاجتنا مودی جی اس وقت خود کو محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دس سال تک خاموش رہنے کے بعد آخر کار انہوں نے اڈانی، امبانی کی بدعنوانی کو خود ہی بے نقاب کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ مودی جی نے خود اعتراف کیاہے کہ اڈانی اور امبانی کالادھن ٹرکوں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں جو انکا اعتراف شکست ہے ۔