بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قتل عام کی لہر جاری
اسلام آباد 18 نومبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی کشمیریوں کی جاری جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع کولگام کے علاقوںپومبائی اور گوپال پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید پانچ نوجوانوں کو شہید کیا جس سے علاقے میں گزشتہ چار دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد نو ہو گئی۔ فوجیوں نے پیر کی شب سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں چار شہریوں کو بے دردی سے شہید کیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجیوں نے رواں ماہ کے دوران اب تک 15 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جنوری 1989 سے اب تک 95ہزار 9سو سے زائدلوگوں کی شہادت بھارتی جبر واستبداد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کا جعلی مقابلوں میں قتل مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کا مقامی آبادی کو ختم کرنے کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے بھارت کے وحشیانہ جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں اور جعلی مقابلوں میں بیگناہ شہریوں کو قتل کرنا بھارتی فوجیوں کا دہائیوں پرانا جنگی حربہ ہے ۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فوجی علاقے میں انسانیت کے خلاف گھناو¿نے جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں اور وہ جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والوں کی میتیں بھی مناسب تدفین کے لیے اہل خانہ کے حوالے نہیں کر رہے بلکہ انہیں بھارتی فوج کے زیر انتظام قبرستانوں میں خاموشی سے دفن کر دیتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہداءکی میتوں کو ان کے لواحقین کے حوالے نہ کرنا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور کشمیری شہداءکی جبری تدفین انسانیت کے خلاف جرم ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت 1947 سے مقبوضہ علاقے میں موت اور تباہی کا کھیل کھیل رہا ہے اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کا جعلی مقابلوں میں قتل عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ روپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے نجات دلائے اور مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم پر مودی کی بھارتی حکومت کا محاسبہ کرے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے کی سزا دی جا رہی ہے اور بھارت مقبوضہ علاقے میں بے دریغ قتل عام کر کے انکے جذبہ آزادی کو متزلزل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی کیونکہ بھارتی تسلط سے ان کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔