آزاد جموں و کشمیر کے صدر، وزیر اعظم کا شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت
مظفرآباد05نومبر(کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے شہدائے جموں کو ان کے 75ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم شہدائے جموں کے موقع پر جاری کئے گئے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کشمیری عوام کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کی غلامی سے آزاد ہوں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر پر بھارتی فورسز کی غیر قانونی جارحیت کو 70سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے طول و عرض میں تعینات بھارتی فورسز نے مظالم ڈھاکرامن کو تباہ کر دیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے بھارت کو جارح قرار دیتے ہوئے کہا کہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کے لیے تیار نہیں ہے جس کا وعدہ اس نے اقوام متحدہ کی مختلف قراردادوں کے ذریعے کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6نومبریوم شہدائے جموںکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ایک اہم سنگ میل ہے جس میں لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کی محبت اور بھارت سے وطن کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے ایک الگ پیغام میں کہا کہ بھارتی فوجی آزادی کا نعرہ لگانے والوں کی آواز کو دبا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں خوف و دہشت کا ماحوم قائم کر کے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کودبا نہیں کر سکتا۔ کشمیریوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے حصول کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ جموں کے شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تنویر الیاس نے کہا کہ ہم تحریک آزادی کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم اس مشعل کوجلاتے رہیں گے جسے شہدا ء نے اپنے خون سے روشن کیا ہے ۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں آئے روز مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھ بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کاز اورتحریک آزادی کشمیرکو مضبوط بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم رکوانے میں مدد کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد پر مجبور کرے۔