خراج عقیدت

تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت

gilaniسری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور تنظیموں نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سید علی گیلانی کو برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سید علی گیلانی یکم ستمبر2021کو سرینگر میں گھر میں نظر بندی کے دوران وفات پا گئے تھے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، ڈاکٹر مصعب احمد، محمد عاقب، عبدالصمد انقلابی، امتیاز ریشی، جاوید احمد میر، سید امتیاز احمد ، تحریک حریت جموں و کشمیر، جموں و کشمیرمسلم لیگ اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ سید علی گیلانی ایک مشن کا نام ہے اور جموں و کشمیر کے عوام اپنے مرحوم قائد کے عظیم مشن پر قائم رہتے ہوئے بھارت سے آزادی کا اپنا اہم مقصد ضرورحاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی زندگی کا واحد مقصد جموںوکشمیر کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم قائد نے قید و بند کی صعوبتیں براشت کیں لیکن اپنے مقصد کو نہیں چھوڑا ۔ انہوںنے کہا کہ سید علی گیلانی کی مثالی زندگی ، جدوجہد اور اپنے مقصد سے لگن کشمیرکی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں ، تنظیموں نے لوگوں پر زورد یا کہ وہ بزرگ قائد کو تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر بروز اتوار سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں انکی قبرپر بھر پور خاضری دیں اور فاتحہ خوانی کریں ۔
انہوں نے ائمہ اور علمائے کرام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سید علی گیلانی کو بھر پور خراج عقیدت پیش کریں اور مساجد میں انکے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے یکم ستمبر کو احتجاجی مظاہرے کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد ، انفارمیشن سیکرٹری مشاق احمد بٹ ، الطاف حسین وانی، شیخ عبدالمتین، شمیم شال، حاجی محمد سلطان بٹ اور دیگر نے بھی اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کشمیرکاز کیلئے شاندار خدمات پر بزرگ قائد کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ سید علی گیلانی ایک دور اندیش رہنما تھے جو ساری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھر پور وکالت کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button