سینئر حریت رہنماء عباس انصاری کو پہلی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئر مین اور اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے بانی چیئرمین مولانا عباس انصاری کی برسی کے موقع پرمنعقدہ ایک تعزیتی ریفرنس میں انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریفرنس کی صدرات کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی جبکہ نذیر احمد قریشی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ مقررین نے مولانا عباس انصاری کی تحریک آزادی کیلئے گرانقدر خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ مولانا عباس انصاری ایک بااصول اورصاحب بصیرت سیاسی رہنما اور ایک ممتاز عالم دین، مبلغ اور مصنف تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنما نے تنازعہ کشمیر کو منصفانہ حل دن رات کام کیا اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا ۔ مقررین نے کہا کہ مولانا عباس انصاری تمام عمر اتحاد اور نظم و ضبط پر زور دیتے رہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کیلئے انکا بے دریغ قتل عام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادو اتفاق کے ذریعے ہی تحریک آزادی کے خلاف بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ مقررین نے تحریک آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ریفرنس کے اختتام پر مرحوم رہنما اور تمام شہدائے کشمیر کی بلندی درجات اورنظربند حریت رہنمائوں کی رہائی اوربیماروں کی جلدصحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔اس موقع پر اسرائیلی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بننے والے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی بھی کیاگیا ۔ریفرنس میں محمود احمد ساغر کے علاوہ حریت رہنمائوں غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، میر طاہر محسود، محمد حسین خطیب,ثنااللہ ڈار، الطاف حسین وانی، الطاف احمد بٹ، امتیاز وانی،ایڈووکیٹ پرویز احمد، حسن البنا، دائود یوسف زئی، خورشید احمد میر، سید اعجاز رحمانی، نثار مرزا، شیخ محمد یعقوب، زاہد اشرف، سلیم ہارون ، راجہ خادم حسین، زاہد صفی،خالد شبیر، منظور احمد ڈار، رئیس میر، حاجی سلطان بٹ، گلشن احمد، مشتاق احمد بٹ،عدیل مشتاق وانی، سید مشتاق حسین، محمد شفیع ڈار، عبدالمجید، ملک محمد اسلم، محمد اشرف ڈار، شیخ عبدالماجد، قاضی محمد عمران، امتیاز احمد بٹ، میاں مظفر، افسر خان،رشید قریشی، شہباز احمد، ابو زر، عطا للہ، عبدالغنی اور دیگرنے شرکت کی ۔ا سٹیج سیکریٹری کے فرائض شیخ عبدالمتین نے انجام دیے ۔
واضح رہے کہ مولانا عباس انصاری گزشتہ سال 25اکتوبر کو طویل علالت کے بعد سری نگر میں انتقال کر گئے تھے۔