مقبوضہ جموں و کشمیر

بی جے پی کی شکست سے واضح ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے:حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ دہرایاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھاری تعداد میں بھارتی فوجیوںکی تعیناتی اور ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ذلت آمیز شکست اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ کشمیری بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور اپنے حق خودارادیت پر سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکل جماعتی حریت کانفرنس انتخابات کو اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے بھارت کی طرف سے رچایاگیا ڈرامہ سمجھتی ہے لیکن اس کے باوجود نتائج کشمیر کی بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو واضح کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے دیرپا حل کے لیے اقوام متحدہ کی 5 جنوری کی قرارداد پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو منصفانہ طریقے سے حل کرکے ہی قائم کیا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت سات دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ میں رکاوٹ ہے اور فوجی طاقت سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا۔حریت کانفرنس نے 5اگست 2019کو جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرکے مودی کے اقدامات کی مذمت کی۔ بیان میں کہاگیا کہ کشمیریوں کو اپنی امنگوں کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق ہے اوریہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیرکے حل میں مدد کرے۔حریت ترجمان نے کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم اور فوجی کارروائیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں سہولت فراہم کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button