مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کے جبرو استبداد کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کے جبرو استبداد کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی اورہندوتوا حکومت کے 5اگست2019کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”،”کشمیر کا ذرہ ذرہ کشمیر کے رہنے والوں کاہے”اور”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو”جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوامِ متحدہ سے تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے فوری مداخلت کی اپیل کی گئی تھی۔مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیاں سلب کررکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت سے مکمل آزادی چاہتے ہیں ۔
مقررین نے اقوامِ متحدہ کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔ مظاہرین نے اولڈ سیکریٹریٹ سے برہان وانی شہید چوک تک مارچ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کی جبکہ حریت رہنما مشتاق الاسلام ، عثمان علی ہاشم ، محمد شفیق انقلابی ، محمد صدیق قریشی ، محمد الطاف منہاس ، الیف الدین ڈار ، امتیاز عزیز خان، سید خالد شاہ اور دیگرنے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔