کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں
سرینگر:کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں جس کا مقصد بھارت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پربھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔’یوم سیاہ ” اور ہرتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر فوجی یلغار کر کے ایک بڑی جارحیت کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر پر بھارتی قبضے سے نہ صرف کشمیریوںکی شناخت خطرے سے دوچار ہے بلکہ پورے خطے کا امن و استحکام دائو پر لگا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ اسکے خلاف اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔
بھارت نے 27اکتوبر 1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اورکشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف جموںوکشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر علاقے پر غیر قانونی قبضہ کیاتھا۔ یوم سیاہ کے موقع پر پوری دنیا میں کشمیری احتجاجی مارچوں ، ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کریں گے۔