جامع مسجد میں غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی پر پابندی ناقابل قبول ہے ، آغا حسن الموسوی
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے قابض انتظامیہ کی طرف سے جامع مسجد سرینگر میں مرحوم میر واعظ محمد احمد شاہ کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا حسن الموسوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںقابض انتظامیہ کی ان پابندیوں کومسلمانوں کے مذہبی معاملات میں بلا جواز مداخلت قرار دیا، جوبالکل بھی قابل قبول نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد "نئے کشمیر” کی حقیقت یہ ہے کہ معزز شخصیات کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں ہے اور جامع مسجد جیسی تاریخی عبادتگاہوں کو مقفل کردیاجاتاہے۔انہوں نے اس طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ مذہبی رسومات کی ادائیگی پر اس طرح کی پابندیاں کشمیریوں کیلئے ناقابل قبول ہیں۔