تلنگانہ : درسی کتاب میں شامل اسلام مخالف مواد حذف کرنے پر زور
حیدرآباد 27 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست تلنگانہ میں سٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے ریاستی حکومت سے 8ویں کلاس کی درسی کتاب سے اسلام مخالف مواد کو فوری طور پر حذف کرنے کامطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ نے 8 ویں جماعت کی سوشل سٹڈیز کی کتاب میں شائع ہونے والی ایک تصویر کاسخت نوٹس لیا ہے جس میں ایک ‘دہشت گرد’ کی تصویر شامل کی گئی ہے جس کے دائیں ہاتھ میں راکٹ لانچرجبکہ بائیں ہاتھ میں قرآن پاک ہے۔یہ تصویر سوشل سٹڈیز کی کتاب کے باب قومی تحریک-آخری مرحلہ 1919-1947میں شائع کی گئی ہے ۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے درسی کتاب میں اسلام مخالف مواد کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی پر اسکے ناشر کے خلاف کارروائی کرنے پر زوردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا مواد طلبا کے ذہنوں کو متاثر کرے گا۔انہوںنے کہا کہ کتاب میں شائع تصویر سے مسلمانوں کے بارے میں دقیانوسی ، نفرت انگیز اور اسلام مخالف نقطہ نظر کی تخلیق اور تشہیر کی جارہی ہے۔انہوںنے اسے ایک امتیازی اور نفرت انگیز مواد قراردیا جو معاشرے کی ہم آہنگی ، اتحاد اور سالمیت کو تباہ کرتا ہے۔
دریں اثنا درسی کتاب میں اسلام مخالف تصویر کی اشاعت پر سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں کی طرف سے شدید ردعمل کا اظہار کیاگیا ہے۔