خصوصی دن

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا شہدائے جموں کوخراج عقیدت

اسلام آباد: شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے دفتر میںایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کانفرنس کی صدارت کی۔مقررین نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس دن کو اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے تجدیدعہد کے ساتھ منا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی سفاک فوج اور ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم کرنے کے لیے بے پناہ مظالم ڈھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے جموںنے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرشہدا ءکے مشن کو پرامن طریقے سے آگے بڑھا رہی ہے اور اسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کی غلامی سے آزاد ہوکر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔مقررین نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیاجاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔کانفرنس میں محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، محمد حسین خطیب، سید یوسف نسیم، آزاد جموں و کشمیر کی رہنما شاہین کوثر ڈار، سید علی رضا بخاری، سردار حسن ابراہیم، فرزانہ یعقوب، مرزا آصف جرال، مریم کشمیری ،عابد عباسی اوردیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے مظفر آباد میں منعقدہ ” شہدائے جموںکانفرنس“ سے خطاب میں شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں ، ڈوگرہ سپاہیوں او ر ہندو انتہا پسند غنڈوں نے نومبر 1947میں جموںخطے میں ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ مسلمانوں کو شہید کیا جسکا واحد مقصد جموںخطے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا تھا۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری مسلمانوں کا قتل عام اس وقت بھی جاری ہے ۔غلام محمد صفی نے کہا کہ شہدا ءکی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ، کشمیری بھارتی جبر و ستم کے باوجود شہداءکے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین نذیر احمد قریشی نے لندن میں جاری بیان میںشہدائے جموںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے بے دریغ قتل کا مقصد مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلانا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ قتل عام جنگ عظیم دوم کے بعد انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ اور سانحہ تھا جس میں اڑھائی لاکھ مسلمانوں کا خونبہایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں قتل عام کا سلسلہ 1947 سے جاری ہے جس میں اب تک پانچ لاکھ کے قریب کشمیری بھارتی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔نذیراحمد قریشی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر سے لیکر غزہ اور لبنان تک انسانیت کے قاتلوں کو کٹہرے میں کھڑا کرے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button