کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا شہدائے جموں کوخراج عقیدت
اسلام آباد: شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے دفتر میںایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کانفرنس کی صدارت کی۔مقررین نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس دن کو اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے تجدیدعہد کے ساتھ منا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی سفاک فوج اور ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم کرنے کے لیے بے پناہ مظالم ڈھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے جموںنے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرشہدا ء کے مشن کو پرامن طریقے سے آگے بڑھا رہی ہے اور اسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کی غلامی سے آزاد ہوکر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔مقررین نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیاجاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔کانفرنس میں محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، محمد حسین خطیب، سید یوسف نسیم، آزاد جموں و کشمیر کی رہنما شاہین کوثر ڈار، سید علی رضا بخاری، سردار حسن ابراہیم، فرزانہ یعقوب، مرزا آصف جرال، مریم کشمیری ،عابد عباسی اوردیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔