جموں :کشمیریوں کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم
جموں 07نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طوپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی بڑی تعداد نے جموں میں نیشنل کانفرنس کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کی قرارداد کی منظوری کا جشن منایا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے کارکنوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعلی عمر عبداللہ کے حق میں نعرے لگائے، آتش بازی کی اور جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کی قرارداد کی منظوری کا جشن منایا۔مشن سٹیٹ ہڈ کے صدر سنیل ڈمپل نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ جموں کے لوگ جنہیں گزشتہ کئی برس سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کیا ہے اس اقدام کا خیرمقدم کر تے ہیں۔سنیل ڈمپل نے کہا کہ 5اگست کو مودی حکومت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت اور منفرد شناخت کوچھیننے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ڈوگرہ راجہ کی طرف سے دیے گئے اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کو کشمیریوں سے چھین لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے قرارداد کے ذریعے مہاراجہ ہری سنگھ کے ورثے کو بچانے کی کوشش کی ہے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے لیے جدوجہد کی تھی۔