دہلی ہائی کورٹ نے تہاڑجیل انتظامیہ کو یاسین ملک کے علاج معالجے کاحکم دیدیا
نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے تہاڑ جیل انتظامیہ کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ضروری علاج معالجہ فراہم کرے۔ محمد یاسین ملک طبی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف یکم نومبر سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس انوپ کمار مینڈیرٹا نے یاسین ملک کی فوری طبی امداد کی درخواست کے جواب میں بھارتی حکومت، دہلی انتظامیہ اور تہاڑ جیل حکام کو نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے یاسین ملک کی صحت کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ ہائی کورٹ نے اگلی سماعت 11 نومبر کو مقرر کی ہے۔
یاسین ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملک کی بھوک ہڑتال ایک ہفتے سے جاری ہے اور انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے۔ وکیل نے عدالت کو اپنے مو¿کل کی بگڑتی ہوئی صحت کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو صحت کی شدید خرابی کے باوجود مناسب طبی سہولیات کی فراہمی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
دلی کی ایک عدالت نے مئی 2022 میں یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے )نے انکی عمر قید کو سرائے موت میں تبدیل کرانے کیلئے دلی ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔