بھارتی آبدوز گوا کے ساحل کے قریب ماہی گیروں کی کشتی سے ٹکراگئی
نئی دہلی: بھارتی بحریہ کی آبدوز گوا کے ساحل کے قریب ماہی گیروں کی ایک کشتی سے ٹکرا گئی جس سے بھارتی بحریہ میں پیشہ وارانہ مہارت اورصلاحیت پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی میں 13افراد سوار تھے، حادثے کے بعد بچائو اورامداد کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ سرچ آپریشن میں ہوائی جہازوں کی مدد بھی لی گئی ہے ۔ اسکارپین کلاس آبدوز گوا سے تقریبا 70ناٹیکل میل شمال مغرب میں ماہی گیروں کی کشتی مارتھوما سے ٹکرا گئی۔ 11افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ2ماہی گیر لاپتہ ہیں۔بھارت اخبار”انڈیا ٹوڈے” کی رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارتی بحریہ کی نا اہلی کے باعث ایسا حادثہ پیش آیا ہو۔1990سے 2024تک ہر 5سال میں بھارتی بحریہ کا ایک جہازحادثے کا شکار ہوتا رہا ہے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد بحر ہند میں سیکیورٹی کی ذمہ دار بھارتی بحریہ کے افسانے کا پردہ فاش ہوگیا۔ماہرین کے مطابق اپنے جہازوں اور ملاحوں کی حفاظت میں ناکامی سے خطے کی حفاظت کیلئے اس کی صلاحیت پر سنگین سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔یاد رہے جولائی میں بھی بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز آئی این ایس برہم پترا میں مرمت کے دوران آگ بھڑک اٹھی تھی۔ بھارتی بحریہ نے لاپتہ عملے کے ارکان کی حالت یا اس میں شامل جہازوں کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔اس واقعے نے بھارتی بحریہ کی جدید ترین اسکارپین کلاس آبدوزوں کے حفاظتی پروٹوکول اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں سوالات کھڑے کردیے ہیں۔