”انصاف کریں، بہت ہو چکا“:جامع مسجد دلی کے امام مسلمانوں کی حالت زار پر رو پڑے
نئی دلی:نئی دلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ ہم 1947میں جس حالت میں کھڑے تھے ،ہم آج بھی اس سے بھی بدتر صورتحال میں کھڑے ہیں، یہ ملک (بھارت )کس طرف جائے گا،کوئی نہیں جانتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید احمد بخاری خطہ جمعہ کے دوران بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار پر روپڑے اور کہا کہ ”وزیر اعظم مودی صاحب، بہت ہو گیا، جس کرسی پرآپ بیٹھے ہیں ، آپ انصاف کریں، مسلمانوں کے دل جیتیں، چھوٹے چھوٹے لوگ ملک کاماحول خراب کر رہے ہیں ، انہیں روکیے۔“ انہوںنے مسلمان نوجوانوں کوصبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سنبھل ، اجمیر اور دیگر مقامات پر ہونے والے مساجد ، زیارت گاہوں کے سروے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے ، یہ سب چیزیں بھارت کیلئے اچھی نہیں ہیں، میں صرف اتنا کہتا ہوں کی لمحوں نے خطا کی، صدیوں نے سزا پائی، آخر کب تک یہاں ایسے ہی چلتا رہے گا۔یاد رہے کہ ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں مقامی عدالت کے حکم پر مغل دور کی ایک جامع مسجد کے سروے کے دوران پولیس نے پر امن مسلمان مظاہرین پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں چار افراد جان بحق ہوگئے تھے۔ ہندوانتہا پسندوں نے اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین چستی ؒ کی درگاہ کے بارے میں بھی دعوی کیا ہے کہ یہ ایک مندر پر تعمیرکی گئی ہے۔