بھارتی سپریم کورٹ کے ممتاز وکیل اشوک بھان کا مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی فوری بحالی کا مطالبہ
نئی دلی:
بھارتی سپریم کورٹ کے ممتاز وکیل اشوک بھان نے بھارتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدوں کوپورا کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ورلڈ پیس اینڈ ری کنسیلیشن فورم کے زیر اہتمام نئی دلی میں ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے اشوک بھان نے اسمبلی انتخابات کے بعد فوری طورپر جموں وکشمیر کے ریاست کے درجے کی بحالی پر زور دیا۔انہوں نے پارلیمنٹ اور انتخابی مہم اوردفعہ 370کی بحالی سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران بھارتی قیادت کی طرف سے اس سلسلے میں کئے گئے وعدوں اوربھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکومت کو مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کو جلد از جلدبحالی کی ہدایت کی تھی۔اشوک بھان نے کہاکہ جموںوکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی کابینہ نے ایک متفقہ قراردادکے ذریعے بھارتی حکومت پر مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی پر زور دیا ہے اور اسے کشمیریوں کے آئینی حقوق کی بحالی اور شناخت کے تحفظ کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔