انسانی حقوق

بی جے پی حکومت نے کشمیریوں کیخلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، مسرت عالم

سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپے کی مذمت

سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طو ر پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اور وہ آزاد ی پسند کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی شہید کے گھر پر بھارتی پولیس کے چھاپے ، انکی کتب کی ضبطی اور گھریلو اشیاءکی توڑپھوڑ کی شدید مذمت کی۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریو ں کے خلاف مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور وہ فوجی طاقت کے بل پر انکے عزم کو توڑنا چاہتی ہے۔
مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارتی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے گھروں ، زمینوں او ر دیگر املاک کو کالے قوانین کے تحت چھین کر انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ بھارت کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ جبر و استبداد کے بل پر قوموں کے جذبہ حریت کو ہرگز توڑا نہیں جاسکتا۔ انہوںنے اقوام متحدہ پرزور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے ۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام میں شہید ہونے پانچ کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصروں اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس پر زور دیا کہ وہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button