مقبوضہ جموں وکشمیر : لوگوں کا بجلی کی مسلسل غیر اعلانیہ بندش کیخلاف شدید احتجاج
جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں لوگوں نے مودی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقوں تھانہ منڈی، بہروٹے، بدھل، کوٹرنکا، منجاکوٹ اور درہل کے باشندوں نے علاقے میں بجلی کی مسلسل غیر اعلانیہ بندش کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ انہوںنے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کو فوری طور پر حل کرے۔ مظاہرین نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں مسلسل بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جس سے عام گھروں کے علاوہ کاروباری اداروں اور امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلسل لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی درہم برہم کر دی ہے اور معاشی سرگرمیوں بھی سخت متاثر ہیں ۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے بجلی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لانے پر مجبور ہونگے۔
دریں اثنا ضلع کپواڑہ کے علاقے کرناہ کے مکینوں کو بھی بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے ، انہیں 24 گھنٹوؓں میں صرف چار گھنٹے بجلی ملتی ہے جسکی وجہ سے اہلیان علاقہ شدید پریشان ہیں۔کرناہ کے ٹیٹوال اور ٹنگڈار بلاکس کو بجلی کی فراہمی میں 80 فیصد کمی کا سامنا ہے۔
لوگوںکاکہنا ہے کہ انہیں بجلی کی بدترین بندش کا سامنا ہے، طلباءاور تاجر برادری خاص طور پر متاثر ہیں۔
لوگوں نے محکمہ بجلی پرزوردیاکہ وہ بجلی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرے ورنہ وہ احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے۔