بھارت جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے، حریت کانفرنس
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اورنوجوانوں کے مسلسل ماورائے عدالت قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت نشانہ بنانے کا بہیمانہ عمل تیز کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مذموم بھارتی کارروائیوںکا واحد مقصد مقبوضہ علاقے میںمسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوںکی آزادی کی آواز کو جبر وطاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے ، کشمیریوں سے انکی زمینیں چھین کر اپنے ہی وطن میں اجنبی بنایا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے لہذا یہاں کیے جانے والے بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی اقدامات کا نوٹس لے اور اس پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دباﺅ ڈالے۔
انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام میں ایک جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بیش بہا قربانیوںکو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ آج جب ” انسانی یکجہتی کا عالمی دن “ منایا جارہا ہے، مقبوضہ جموںوکشمیرعالمی توجہ کا متقاضی ہے جہاں بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حق و انصاف پر یقین رکھنے والوں کو چاہیے کہ وہ محکوم کشمیریوںکے حق میںآواز بلند کریں اور انہیں غیرقانونی بھارتی تسلط سے نجات دلانے کے لیے کردار ادا کریں۔KMS-07/M