بھارت :ہندو پجاری کا کمبھ میلے میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ
نئی دہلی:بھارت میں ہندو مذہبی ادارے کے ایک پجاری نے ہندوئوں کے بڑے مذہبی تہوار کمبھ میلے میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نرنجنی اکھاڑہ کے سربراہ ڈاکٹر سمنانند گری مہاراج نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو کمبھ میلے میں شرکت سے منع کیا جانا چاہیے اور ہندوئوں کے مقدس تہوار کو صرف ہندوئوں کے لیے ہی ہونا چاہیے۔ان کے بیان کو مذہبی تقسیم اور عدم برداشت کو فروغ دینے کے مترادف قراردیتے ہوئے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ یہ بیان ہندو سماج کے بعض طبقات میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کی عکاسی کرتا ہے جو تہواروں کی پاکیزگی اور تقدس کے تحفظ کی آڑ میں ہندو تہواروں میں دیگر مذہبی برادریوں کو شرکت سے باز رکھنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر گری مہاراج کے اس مطالبے پر خاص طور پر مسلم کمیونٹی اور سیکولر گروپس کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ یہ تنازعہ بھارت کو مذہبی آزادی اور سیکولرازم میں توازن پیدا کرنے میں درپیش چیلنجوں کی عکاسی کرتا ہے۔